ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  راجیواتسوا ایوارڈ یافتگان کا اعلان متوقع

 راجیواتسوا ایوارڈ یافتگان کا اعلان متوقع

Wed, 31 Oct 2018 12:37:08    S.O. News Service

بنگلورو31؍اکتوبر(ایس او نیوز) امسال راجیواتسوا کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 63 شخصیتوں کو باوقار راجیواتسوا ایوارڈ سے سرفراز کیا جائے گا۔ ایوارڈ یافتگان کے انتخاب کے لئے کل وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کی قیادت میں ایوارڈ کمیٹی میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ بتایاجاتاہے کہ اعزاز کا تقاضہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو کئی عرضیاں موصول ہوئی ہیں، محکمۂ کنڑا اینڈ کلچر کی طرف سے دئے جانے والے اعزازات کے انتخاب کے لئے کل میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ ضمنی انتخابات کی مہم میں وزیر اعلیٰ کے مصروف ہونے کے سبب اس میٹنگ کو بارہا موخر کیاگیا ہے، کیونکہ راجیواتسوا تقریب یکم نومبر کو ہے اسی لئے کل یہ میٹنگ کسی بھی حال میں ہونا ضروری ہے۔ کل کی میٹنگ کے لئے وزیر برائے کنڑا اینڈ کلچر جئے مالا ، وزیر تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا ، وزیر دیہی ترقیات کرشنا بائرے گوڈا، وزیر شہری ترقیات یوٹی قادر ، وزیر آبی وسائل ڈی کے شیوکمار ، وزیر کوآپریشن بینڈپا قاسم پور، کنڑا ساہتیہ پریشد کے چیرمین منو بلیگار اور دیگر جو اس کمیٹی کے ممبران ہیں میٹنگ میں شرکت کریں گے، گزشتہ سال62 ویں یوم راجیواتسوا کی مناسبت سے 62 شخصیتوں کو اعزاز سے سرفراز کیا گیا تھا، اس بار 63شخصیات کو راجیواتسوا اعزاز نوازے جانے کی توقع ہے۔
 


Share: